Dec 10, 2014

سودی نظام

نبی کریم ﷺنے سود کے حرام ہونے کے حوالے سے فرمایا کہ یہ قانون پوری انسانیت کی تعمیر واصلاح اور فلاح کے لئے ہے۔لہٰذا اس کا اطلاق نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں پر بھی ہوگا۔نبی کریم ؐ کے اس فرمان کے بعد اسلامی حکومت کے دائرے میں سودی کاروبار ایک جرم بن گیا ہے۔عرب کے جو قبیلے سود کھاتے تھے نبی کریمؐ نے اُن کو اپنے اعمال کے ذریعے آگاہ فرمایا کہ اب وہ اس لین دین سے باز نہ آئے تو اُن کے خلاف جنگ کی جائے گی ‘‘یعنی سرکار دوعالمﷺ نے سود کا لین دین کرنے والوں کے خلاف اعلان جہاد (جنگ)فرما کر یہ بات واضع کردی کہ سود کا کاروبار کرنے والے اﷲ تعالیٰ اور اُس کے دین کے دشمن ہیں ۔نجران کے عیسائیوں کوجب اسلامی حکومت کے تخت میں اندرونی خود مختاری دی گئی تومعاہدہ میں تصریح کر دی گئی کہ سود ی کاروبار کرو گے تومعاہدہ ختم ہوجائے گا اور ہمارے تمہارے درمیان حالت جنگ قائم ہوجائے گی ۔سرکار دو عالمؐ نے جب اہل طائف کے ساتھ معاہدہ امن کیا توسودی لین دین کے خاتمے کی شرط لگائی ۔حضرت عبداﷲ بن عباسؓ کا یہ قول ہے کہ جو شخص اسلامی مملکت میں سود چھوڑنے پر تیار نہ ہوتو خلیفہ وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سے توبہ کرائے اور باز نہ آنے کی صورت میں اُس کی گردن اُڑا دے ۔‘‘مختصر کہ سودی لین دین کرنے والوں اور اُن کے نظام حکومت کے خلاف اﷲ تعالیٰ اور نبی کریمؐ نے اعلان جنگ کیا ہے ۔میرا پاکستان کے تما م علماء خاص طور پر مولانا فضل الرحمن ،مفکر و شیخ اسلام مولانا طاہرالقادری ، سید منور حسن ،سراج الحق اوردیگر غیر سیاسی علماء کرام کی خدمت میں یہ سوال ہے کہ سود کے خلاف خود اﷲ تعالیٰ اور اُس کے پیارے حبیب ﷺنے اعلان جنگ کر رکھا ہے تو پھر اﷲ اور اس کے رسولؐ کوماننے والے سودی نظام کا حصہ اس قدر خاموشی سے کس طرح بن سکتے ہیں؟جب ہماری حکومتیں آئی ایم ایف سے سود پر قرض لیتی اور اپنے ملک کے نوجوانوں کو سود پر قرض دیتی ہیں توہم مسلمان اور اہل علم ہونے کے باوجود اﷲ تعالیٰ اور اُس کے رسولؐ کے دشمنوں کے خلاف اعلان جنگ کیوں نہیں کرتے ؟آخر وہ کون سی مجبوری ہے جس نے علماء کرام کو سودی نظام کے خلاف آواز بلندکرنے سے روک رکھا ہے ؟آخر وہ کون سی زنجیریں ہیں جنہوں نے مسلمان ہونے کے باوجود ہمارے ہاتھ پاؤں جکڑ رکھے ہیں؟کیوں ہم اُن لوگوں کے ساتھ لین دین کرتے ہیں جن کا جینا مرنا،اُوڑھنا بچھونا ،کھانا پینا ،سونا جاگنا یہاں تک کہ ہر عمل سودی نظام میں لت پتھ ہے ؟ ہمارے علماء کرام نے کوئی نیا اسلام دریافت کرلیا ہے جس میں سود کو حرام کی بجائے حلال ہونے کا شرف حاصل ہے تو پھر علماء قوم کو اُس دین سے آگاہ کیوں نہیں کرتے ؟اﷲ تعالیٰ کے خلاف جنگ لڑنے والوں کے ساتھ سودی نظام میں رہتے ہوئے کوئی امن معاہدہ طے پاچکا ہے تو پھر علماء صاحبان صاف صاف کیوں نہیں بتا دیتے کہ اب سود اُس قدر حرام نہیں رہا۔مجھے لگتا ہے کہ اپنے سوالات کو مزید الفاظ دینے کی کوشش کروں گا تو ممکن ہے گمراہی کی حدوں سے گزر جاؤں اس لئے میں آج علماء کرام اور خاص طور پر مولانا فضل الرحمن ،مفکر و شیخ اسلام مولانا طاہرالقادری ، سید منور حسن اوردیگر تمام علماء کرام کی خدمت میں نہایت عاجزی کے ساتھ یہ سوال رکھتا ہوں کہ سرعام سود کا نظام چل رہا ہے ہم کب اﷲ اور اﷲ کے رسولؐ کے حکم کے مطابق اس نظام حرام کے خلاف اعلان جنگ کریں گے؟ کب تک ہم حرام کھانے کے بہانے تلاش کرتے رہیں گے؟کب تک اس ظلم کے نظام کے خلاف جنگ نہیں کریں گے ؟علما ء کرام سے سنا ہے کہ جو مسلمان غلطی سے (بے خبری میں)حرام کھا لے بارگاہ الٰہی میں 40روزتک اُس کی دعا قبول نہیں ہوتی یعنی بے خبری میں حرام کھانے والا مسلمان 40روز تک بارگاہ الٰہی سے دور ہوجاتا ہے ۔ ایسا ہے تو ثابت ہوا کہ حرام نہ کھانے والے مسلمان کی جائز دعا بارگاہ الٰہی میں کبھی رد نہیں ہوتی ۔قارئین محترم ذرہ غور کریں بے خبری میں حرام کھانے سے انسان اپنے رب کی بارگاہ سے دورکر دیاجاتا ہے تو پھر جان بوجھ کرروزانہ حرام کھانے والوں کا کیا حال ہوگا؟پوری کی پوری قوم نظام حرام کی دلدل میں سر سے پاؤں تک ڈوب چکی ہو ،چاروں اطراف سودی لین دین جاری ہے ۔ جواﷲ تعالیٰ اور رسولؐ کی نافرمانی اور جنگ لڑے تو اُس قوم کو ذلیل و رسوا ہونے سے کون بچا سکتا ہے ؟کون ہے جو اﷲ تعالیٰ کے خلاف لڑنے کی طاقت رکھتا ہے ؟کون ہے جو ہمیں حرام کھانے کے باوجود بارگاہ الٰہی میں مقبول کردے ؟کون ہے جو اس جنگ میں ہمارے لئے فتح کا انتظام کرے گا؟آج ہماری حالت یہ ہے کہ ہم اپنے ہر نقصان کی ذمہ داری فوری طور پر امریکہ یا کسی اور ملک پر عائد کردیتے ہیں ۔کبھی یہ نہیں سوچا کہ ہم توخود اﷲ تعالیٰ اور اُسکے نبی کریمؐ کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


Ads