اِنَّ الصَّلٰوةَ کَانَتْ عَلَی الْمُؤْمِنِيْنَ کِتٰبًا مَّوْقُوْتًا.(النساء ٤: ١٠٣)۔
''ے شک ، نماز مسلمانوں پر وقت کی پابندی کے ساتھ فرض کی گئی ہے۔ ''
اسلام کی عبادات میں اہم ترین عبادت نما زہے۔ دین کی حقیقت ، اگر غور کیجیے تو معبود کی معرفت اور اُس کے حضور میں خوف و محبت کے جذبات کے ساتھ خضوع و تذلل ہی ہے۔ اِس حقیقت کا سب سے نمایاں ظہور پرستش ہے۔ تسبیح و تحمید ، دعا و مناجات اور رکوع و سجود اِس پرستش کی عملی صورتیں ہیں۔ نماز یہی ہے اور اِن سب کو غایت درجہ حسن توازن کے ساتھ اپنے اندر جمع کر لیتی ہے۔
دین میں اِس عبادت کی اہمیت غیر معمولی ہے۔اِس کو سمجھنے کے لیے چند باتیں پیش نظر رہنی چاہییں
پہلی یہ کہ ایمانیات میں جو حیثیت توحید کی ہے ، وہی اعمال میں نماز کی ہے۔ قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ آیات الٰہی کی تذکیر سے خدا کی جو معرفت حاصل ہوتی اور اُس سے اللہ تعالیٰ کے لیے محبت اور شکرگزاری کے جو جذبات انسان کے اندر پیدا ہوتے ہیں یا ہونے چاہییں، اُن کا پہلا ثمرہ یہی نماز ہے۔ ارشاد فرمایا ہے :
اِنَّمَا يُؤْمِنُ بِاٰيٰتِنَا الَّذِيْنَ اِذَا ذُکِّرُوْا بِهَا خَرُّوْا سُجَّدًا وَّ سَبَّحُوْا بِحَمْدِ رَبِّهِمْ وَهُمْ لَا يَسْتَکْبِرُوْنَ. تَتَجَافٰی جُنُوْبُهُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ ، يَدْعُوْنَ رَبَّهُمْ خَوْفًا وَّطَمَعًا وَّمِمَّا رَزَقْنٰهُمْ يُنْفِقُوْنَ. (السجده٣٢:١٥-١٦)۔
''ہماری آیتوں پر تو صرف وہی ایمان لاتے ہیں جن کا معاملہ یہ ہے کہ جب اُن کے ذریعے سے اُنھیں یاددہانی کی جاتی ہے تو سجدہ ریز ہو جاتے ہیں اور اپنے پروردگار کی حمد کے ساتھ اُس کی تسبیح کرتے ہیں اور سرکشی کا رویہ اختیار نہیں کرتے۔ اُن کے پہلو بستروں سے الگ رہتے ہیں۔ وہ اپنے پروردگار کو خوف و طمع کے ساتھ پکارتے ہیں او رجوکچھ ہم نے اُنھیں بخشا ہے، اُس میں سے (اللہ کی راہ میں) خرچ کرتے ہیں۔ ''
یہی بات سورہ روم کی اِن آیات سے بھی واضح ہوتی ہے :
فَاَقِمْ وَجْهَكَ لِلدِّيْنِ حَنِيْفًا ، فِطْرَتَ اللّٰهِ الَّتِیْ فَطَرَ النَّاسَ عَلَيْهَا، لَا تَبْدِيْلَ لِخَلْقِ اللّٰهِ، ذٰلِكَ الدِّيْنُ الْقَيِّمُ وَلٰکِنَّ اَکْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُوْنَ، مُنِيْبِيْنَ اِلَيْهِ، وَاتَّقُوْهُ وَاَقِيْمُوا الصَّلٰوةَ وَلاَ تَکُوْنُوْا مِنَ الْمُشْرِکِيْنَ.(٣٠: ٣٠-٣١)۔
''چنانچہ ہر طرف سے یک سو ہو کر اپنا رخ اِس دین کی طرف کر لو۔ (اور اِس طرح) اللہ کی بنائی ہوئی اُس فطرت کی پیروی کرو جس پر اُس نے انسانوں کو پیدا کیا ہے۔ اللہ کی اِس فطرت میں کوئی تبدیلی جائزنہیں ہے۔ یہی سیدھا دین ہے ، مگر زیادہ لوگ نہیں جانتے۔ (اِس پر قائم ہو جاؤ)، اللہ کی طرف پوری طرح متوجہ ہو کر اور اُسی سے ڈرو اور نماز کا اہتمام رکھو اور مشرکوں میں سے نہ ہو جاؤ۔''
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اِسے اسلام کاستون قرار دیا ہے ١؎۔ چنانچہ قرآن میں جہاں اجمال کا اسلوب ملحوظ ہے ، وہاں تو بے شک ، ایمان کے بعد 'عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ' کے الفاظ آئے ہیں ، لیکن جہاں اِس اجمال کی تفصیل پیش نظر ہے ، وہاں سب سے پہلے نماز ہی کا ذکر کیا گیا ہے :
الَّذِيْنَ يُؤْمِنُوْنَ بِالْغَيْبِ وَيُقِيْمُوْنَ الصَّلٰوةَ. (البقره٢:٣)۔
''یہ جو بن دیکھے مان رہے ہیں اور نماز کا اہتمام کر رہے ہیں۔''
اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَاَقَامُوا الصَّلٰوةَ .(البقرة ٢: ٢٧٧)۔
''ہاں ، جو لوگ ایمان لائے اور اُنھوں نے نیک عمل کیے اور نماز کا اہتمام کیا۔ ''
تزکیہ جسے قرآن میں دین کا مقصد قرار دیا گیا ہے ، اُس تک پہنچنے کے لیے بھی سب سے پہلے اِسی کی ہدایت ہوئی ہے :
قَدْ اَفْلَحَ مَنْ تَزَکّٰی وَذَکَرَ اسْمَ رَبِّه فَصَلّٰی. (الاعلیٰ ٨٧: ١٤-١٥)۔
''(اُس وقت) ، البتہ کامیاب ہوا جس نے اپنا تزکیہ کیا اور (اِس کے لیے) اپنے پروردگار کا نام یاد کیا اور نماز پڑھی۔''
اِسی طرح قرآن نے جن مقامات پر اُن اعمال کا ذکر کیا ہے جو قیامت میں فوزوفلاح کے لیے ضروری ہیں ، وہاں بھی ابتدا نماز ہی سے کی ہے۔
سورہ مومنون میں ہے :
قَدْ اَفْلَحَ الْمُؤْمِنُوْنَ الَّذِيْنَ هُمْ فِیْ صَلَاتِهِمْ خٰشِعُوْنَ، وَالَّذِيْنَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَ، وَالَّذِيْنَ هُمْ لِلزَّکوٰةِ فٰعِلُوْنَ، وَالَّذِيْنَ هُمْ لِفُرُوْجِهِمْ حٰفِظُوْنَ ...وَالَّذِيْنَ هُمْ لِاَمٰنٰتِهِمْ وَعَهْدِهِمْ رٰعُوْنَ، وَالَّذِيْنَ هُمْ عَلٰی صَلَوٰتِهِمْ يُحَافِظُوْنَ.(٢٣:١-٩)۔
''فلاح پا گئے وہ اہل ایمان جو اپنی نمازوں میں فروتنی اختیار کرنے والے ہیں اور جو لغویات سے دور رہنے والے ہیں ، اور جو زکوٰۃ کا اہتمام کرنے والے ہیں اور جو اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرنے والے ہیں ... اور جو (خلق اور خالق، دونوں کے معاملے میں) اپنی امانتوں اور اپنے عہد کا پاس کرنے والے ہیں ، اور جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرنے والے ہیں۔''
سورہ معارج میں ہے :
اِنَّ الْاِنْسَانَ خُلِقَ هَلُوْعًا، اِذَا مَسَّهُ الشَّرُّ جَزُوْعًا وَّاِذَا مَسَّهُ الْخَيْرُ مَنُوْعًا اِلَّا الْمُصَلِّيْنَ الَّذِيْنَ هُمْ عَلٰی صَلَاتِهِمْ دَآئِمُوْنَ، وَالَّذِيْنَ فِیْۤ اَمْوَالِهِمْ حَقٌّ مَّعْلُوْمٌ لِّلسَّآئِلِ وَالْمَحْرُوْمِ، وَالَّذِيْنَ يُصَدِّقُوْنَ بِيَوْمِ الدِّيْنِ، وَالَّذِيْنَ هُمْ مِّنْ عَذَابِ رَبِّهِمْ مُّشْفِقُوْنَ، اِنَّ عَذَابَ رَبِّهِمْ غَيْرُ مَاْمُوْنٍ، وَالَّذِيْنَ هُمْ لِفُرُوْجِهِمْ حٰفِظُوْنَ... وَالَّذِيْنَ هُمْ لِاَمٰنٰتِهِمْ وَعَهْدِهِمْ رَاعُوْنَ، وَالَّذِيْنَ هُمْ بِشَهٰدٰتِهِمْ قَآئِمُوْنَ، وَالَّذِيْنَ هُمْ عَلٰيصَلاَتِهِمْ يُحَافِظُوْنَ، اُولٰۤئكَ فِیْ جَنّٰتٍ مُّکْرَمُوْنَ.
(٧٠: ١٩-٣٥)
''حقیقت یہ ہے کہ انسان بہت بے صبرا پیدا ہوا ہے۔ اِس پر جب مصیبت آتی ہے تو گھبرا اٹھتا ہے اور جب راحت ملتی ہے تو بخیل بن جاتا ہے۔ ہاں ، مگر وہ نہیں جو نمازی ہیں۔ جو ہمیشہ اپنی نماز کی پابندی کرتے ہیں ، اور جن کے مالوں میں سائل و محروم کے لیے ایک مقرر حق ہے، اور جو روزجزا کو برحق مانتے ہیں اور جو اپنے پروردگار کے عذاب سے ڈرتے رہتے ہیں ـــ اِس میں شبہ نہیں کہ اُن کے پروردگار کا عذاب نڈر رہنے کی چیز ہی نہیں ہے ـــــــــ اور جو اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں ... اور جو (خلق اور خالق، دونوں کے معاملے میں) اپنی امانتوں اور اپنے عہد کا پاس کرتے ہیں، اور جو اپنی گواہی پر قائم رہتے ہیں ، او رجو اپنی نماز کی حفاظت کرتے ہیں۔ یہی ہیں جو بہشت کے باغوں میں ہوں گے ، بڑی عزت کے ساتھ۔''
ابن مسعود رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا : اعمال میں کیا چیز اللہ کو سب سے زیادہ پسند ہے ؟ آپ نے فرمایا : وقت کی پابندی کے ساتھ نماز ادا کرنا۔ ٢؎
سیدنا عمر نے اپنے عمال کے نام ایک خط میں لکھا ہے : تمھارے دینی معاملات میں میرے نزدیک سب سے اہم نماز ہے۔ جو اِس کی حفاظت کرے گا ، وہ پورے دین کی حفاظت کرے گا، اور جو اِسے ضائع کر دے گا ، وہ باقی دین کو سب سے بڑھ کر ضائع کر دے گا۔ ٣؎
دوسری یہ کہ نماز آدمی کے مسلمان سمجھے جانے کے شرائط میں سے ہے۔ قرآن نے یہ بات پوری صراحت کے ساتھ واضح کر دی ہے کہ مسلمانوں کی ریاست میں صرف وہی لوگ مسلمان کی حیثیت سے حقوق کا مطالبہ کر سکیں گے جو نماز ادا کریں گے اور زکوٰۃ دیں گے۔ سورہ توبہ میں مشرکین عرب کے خلاف کارروائی کے موقع پر اعلان فرمایا ہے :
فَاِنْ تَابُوْا وَاَقَامُوا الصَّلٰوةَ وَاٰتَوُا الزَّکوٰةَ فَاِخْوَانُکُمْ فِی الدِّيْنِ.(٩:١١)
''پھر اگر وہ توبہ کر لیں اور نماز کا اہتمام کریں اور زکوٰۃ ادا کریں تو دین میں تمھارے بھائی ہوں گے۔''
اِس سے یہ بات نکلتی ہے کہ قیامت میں بھی لوگوں کے ساتھ یہی معاملہ ہونا چاہیے۔ سورہ قیامہ میں قرآن نے نہایت بلیغ اسلوب میں اِسے واضح کر دیاہے :
فَلاَ صَدَّقَ وَلَا صَلّٰی، وَلٰکِنْ کَذَّبَ وَتَوَلّٰی، ثُمَّ ذَهَبَ اِلٰۤی اَهْلِه يَتَمَطّٰی، اَوْلٰی لَكَ فَاَوْلٰی، ثُمَّ اَوْلٰی لَكَ فَاَوْلٰی.(٧٥:٣١-٣٥)
''لیکن (اِس انسان کو دیکھو)، اِس نے نہ تو (قیامت کے اچھے انجام کو) سچ مانا، نہ نماز پڑھی، بلکہ جھٹلادیا اور منہ موڑا۔ پھر اکڑتا ہوا اپنے لوگوں میں چل دیا۔ افسوس ہے ، تجھ پر افسوس ہے۔ پھر افسوس ہے ، تجھ پر افسوس ہے۔''
اِس میں ' صَلّٰی ' کے مقابل میں ' تَوَلّٰی' اور ' ثُمَّ ذَهَبَ اِلٰۤی اَهْلِه يَتَمَطّٰی' کے الفاظ سے ضمناً یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ نماز کو یہ حیثیت اِس لیے دی گئی ہے کہ اللہ کے نزدیک نماز نہ پڑھنا درحقیقت بندے کا خدا کے مقابلے میں استکبار ہے اور قرآن نے دوسری جگہ بتا دیا ہے کہ اونٹ سوئی کے ناکے میں داخل ہو سکتا ہے ، لیکن مستکبر ین جنت میں داخل نہیں ہو سکتے۔ ٤؎
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے :
بين الرجل و بين الشرك والکفر ترك الصلٰوة. (مسلم ، رقم٢٤٧)
''آدمی کے کفر و شرک اور ایمان کے درمیان حد فاصل نماز چھوڑ دینا ہے۔ ''
اِسی طرح آپ کا ارشاد ہے :
خمس صلوٰت افترضهن اللّٰه تعالٰی عز وجل: من احسن وضوء هن وصلاهن لوقتهن واتم رکوعهن وخشوعهن کان له علی اللّٰه عهد ان يغفر له، ومن لم يفعل فليس له علی اللّٰه عهد، ان شاء غفر له وان شاء عذبه. (ابوداؤد ، رقم ٤٢٥)
''یہ پانچ نمازیں ہیں جنھیں اللہ تعالیٰ نے لوگوں پر فرض کیا ہے : جس نے اِن کے لیے اچھے طریقے سے وضو کیا، اِنھیں وقت پر ادا کیا اور اپنا ظاہر و باطن اِن میں پوری طرح اپنے پروردگار کے سامنے جھکا دیا ، اُس کے لیے اللہ کا عہد ہے کہ اُسے بخش دے گا اور جس نے یہ نہیں کیا، اُس کے لیے اللہ کا کوئی عہد نہیں ہے۔ اللہ چاہے گا تو اُسے بخشے گا اور چاہے گا تو عذاب دے گا۔ ''
تیسری یہ کہ نماز دین پر قائم رہنے کا ذریعہ ہے۔ قرآن نے بتایا ہے کہ جو لوگ خدا کی یاد سے غافل ہو جاتے اور اُس سے اعراض کر لیتے ہیں ، اُن پر ایک شیطان مسلط کر دیا جاتا ہے جو شب و روز کے لیے اُن کا ساتھی بن جاتا ہے : ' وَمَنْ يَّعْشُ عَنْ ذِکْرِ الرَّحْمٰنِ نُقَيِّضْ لَه، شَيْطٰنًا فَهُوَ لَه، قَرِيْنٌ' ٥؎۔ نماز اِسی غفلت اور اعراض سے انسان کو بچاتی اور شیطان سے اُس کی حفاظت کرتی ہے۔ سورہ مومنون اور سورہ معارج کی جو آیات اوپر نقل ہوئی ہیں ، اُن میں دیکھ لیجیے ، جن باتوں کی ابتدا نماز سے ہوئی ہے ، اُن کا خاتمہ بھی نماز ہی پر ہوا ہے۔ اِس سے یہ اشارہ صاف نکلتا ہے کہ درحقیقت نمازوں کی حفاظت ہی ہے جو انسان کے دین پر قائم رہنے کی ضمانت ہے۔ اِس میں شبہ نہیں کہ شیطان کے حملے اِس کے بعد بھی جاری رہتے ہیں ، لیکن نماز پر مداومت کے نتیجے میں اُس کے لیے مستقل طور پر انسان کے دل میں ڈیرے ڈال دینا ممکن نہیں ہوتا۔ نماز اُسے مسلسل دور بھگاتی اور ایک حصار کی طرح اُس کے حملوں سے انسان کے دل و دماغ کی حفاظت کرتی رہتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ خطرے کی حالت میں بھی تاکید کی گئی ہے کہ پیدل یا سواری پر ، جس طرح ممکن ہو ، اِسے لازماً ادا کیا جائے۔ سورہ بقرہ میں قانون و شریعت کی فصل کے خاتمے پر یہ حقیقت اِس طرح بیان فرمائی ہے :
حٰفِظُوْا عَلَی الصَّلَوٰتِ وَالصَّلٰوةِ الْوُسْطٰی وَقُوْمُوْا لِلّٰهِ قٰنِتِيْنَ. فَاِنْ خِفْتُمْ فَرِجَالًا اَوْ رُکْبَانًا، فَاِذَآ اَمِنْتُمْ فَاذْکُرُوا اللّٰهَ کَمَا عَلَّمَکُمْ مَّا لَمْ تَکُوْنُوْا تَعْلَمُوْنَ.(٢:٢٣٨-٢٣٩)۔
''نمازوں کی حفاظت کرو، بالخصوص اُس نماز کی جو (دن اور رات کی نمازوں کے) درمیان میں آتی ہے، (جب تمھارے لیے اپنی مصروفیتوںسے نکلنا آسان نہیں ہوتا)، اور (سب کچھ چھوڑ کر) اللہ کے حضور میں نہایت ادب کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ۔ پھر اگر خطرے کا موقع ہو تو پیدل یا سواری پر ، جس طرح چاہے پڑھ لو۔ لیکن جب امن ہوجائے تو اللہ کو اُسی طریقے سے یاد کرو جو اُس نے تمھیں سکھایا ہے ، جسے تم نہیں جانتے تھے۔ ''
سورہ مریم میں قرآن نے اِسی بنا پر شہوات کی پیروی کا ذکر اِس طرح کیا ہے کہ گویا وہ نمازیں ضائع کردینے کا لازمی نتیجہ ہے: 'فَخَلَفَ مِنْ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَاتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ' ٦؎ (پھر اُن کے بعد اُن کی جگہ ایسے ناخلف اٹھے جنھوں نے نماز ضائع کر دی اور خواہشوں کے پیچھے پڑ گئے )۔ سورہ عنکبوت میں اِس سے واضح تر الفاظ میں فرمایا ہے:
وَاَقِمِ الصَّلٰوةَ، اِنَّ الصَّلٰوةَ تَنْهٰی عَنِ الْفَحْشَآءِ وَالْمُنْکَرِ.(٢٩:٤٥)۔
''اور نماز کا اہتمام کرو، اِس لیے کہ نماز بے حیائی اور برائی کی باتوں سے روکتی ہے۔ ''
یعنی ایک واعظ کی طرح نماز آدمی کو متنبہ کرتی ہے کہ جذبات کے غلبے ، شہوات کی یورش اورخواہشوں کے ہجوم میں اُسے یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ ایک دن خدا کو منہ دکھانا ہے اور اُس کے روبرو کھڑے ہو کر اپنے اعمال کی جواب دہی کرنی ہے۔ استاذ امام امین احسن اصلاحی نے اِس کی وضاحت میں لکھا ہے :
''...جو لوگ نماز اُس کے آداب و شرائط کے ساتھ ادا کرتے ہیں ، خواہ خلوت کی نماز ہو یا جلوت کی ، اُن کی نماز اپنے ظاہر و باطن، دونوں سے ، اُن کو اُن حقائق کی یاددہانی کرتی رہتی ہے جن کی یاددہانی زندگی کو صحیح شاہ راہ پر قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ خاص طور پر خلوت کی نمازیں انسان کی زندگی پر سب سے زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں۔ اگر کوئی شخص نماز نہیں پڑھتا تو اُس کی مثال اُس ڈرائیور کی ہے جو اپنی زندگی کی گاڑی پوری رفتار سے چلا تو رہا ہے ،لیکن اُس کی رہنمائی کے لیے داہنے بائیں جو نشانات اُس کو صحیح راہ بتانے اور خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے لگے ہوئے ہیں ، اُن سے بالکل بے پروا اور بے خبر ہے۔ ایسا ڈرائیور، کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ اپنی گاڑی کس کھڈ میں گرائے۔ '' (تدبر قرآن ٦/٥٣)
چوتھی یہ کہ نماز گناہوں کو مٹا دیتی ہے۔ بندہ جب صحیح شعور کے ساتھ نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو خدا کے ساتھ اپنے عہد کی تجدید کرتا ہے کہ وہ اُس کی معصیت سے اجتناب کرے گا۔ اِس کے نتیجے میں وہ ایک نماز سے دوسری نماز تک کی لغزشوں پر لازماًندامت محسوس کرتا اور اُن سے بچنے کے لیے ایک نئے عزم اور ارادے کے ساتھ زندگی کی مصروفیتوں کی طرف لوٹتا ہے۔ غور کیجیے تو توبہ کی حقیقت بھی یہی ہے اور توبہ کے بارے میں معلوم ہے کہ وہ بندے کو گناہوں سے پاک کر دیتی ہے۔ چنانچہ ارشاد فرمایا ہے :
وَاَقِمِ الصَّلٰوةَ طَرَفَیِ النَّهَارِ وَزُلَفًا مِّنَ الَّيْلِ، اِنَّ الْحَسَنٰتِ يُذْهِبْنَ السَّيِّاٰتِ، ذٰلِكَ ذِکْرٰی لِلذّٰکِرِيْنَ.(هود ١١:١١٤)
''اور نماز کا اہتمام کرو دن کے دونوں سروں پر اور رات کے کچھ حصے میں بھی۔ اِس میں شبہ نہیں کہ نیکیاں برائیوں کو دور کر دیتی ہیں۔ یہ ایک یاددہانی ہے اُن کے لیے جو یاددہانی حاصل کرنے والے ہوں۔''
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ بتاؤ کہ اگر تم میں سے کسی کے دروازے پر ایک نہر ہو جس میں وہ روزانہ پانچ مرتبہ نہائے تو کیا اُس کے جسم پر میل نام کی کوئی چیز باقی رہ جائے گی ؟ لوگوں نے عرض کیا: اِس صورت میں تو یقینا میل کا کوئی شائبہ باقی نہ رہے گا۔ آپ نے فرمایا : یہ پانچ نمازوں کی مثال ہے۔ اللہ اِن کے ذریعے سے بالکل اِسی طرح گناہوں کو مٹا دیتا ہے۔ ٧؎
پانچویں یہ کہ نماز مشکل کشا ہے۔ یہود کو جب قرآن نے اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنا عہد ازسرنو استوار کرنے کی دعوت دی تو اُس کی ذمہ داریوں کے تحمل کے لیے نماز ہی کے ذریعے سے مدد چاہنے کی ہدایت فرمائی۔ ٨؎ بعینہٖ یہی معاملہ بنی اسمٰعیل کے اہل ایمان کے ساتھ ہوا۔ چنانچہ فرمایا :
يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا، اسْتَعِيْنُوْا بِالصَّبْرِ وَالصَّلٰوةِ، اِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصّٰبِرِيْنَ.(البقره ٢ :١٥٣)
''ایمان والو، صبر اور نماز سے مدد چاہو۔ بے شک، اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔''
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی معاندین اور اشرار کی دل آزاریوں او رشرارتوں کے مقابلے میں صبر و استقامت کے لیے اِسی کی تلقین کی گئی:
فَاصْبِرْعَلٰی مَا يَقُوْلُوْنَ وَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ قَبْلَ طُلُوْعِ الشَّمْسِ وَ قَبْلَ الْغُرُوْبِ، وَمِنَ الَّيْلِ فَسَبِّحُْ وَاَدْبَارَ السُّجُوْدِ. (ق ٥٠:٣٩-٤٠)۔
''سو جوکچھ یہ کہتے ہیں ، اُس پر صبر کرو اور اپنے پروردگار کی حمد کے ساتھ اُس کی تسبیح کرتے رہو، سورج کے نکلنے اور اُس کے غروب ہونے سے پہلے اور رات میں بھی اُس کی تسبیح کرو اور سورج کے سر بہ سجود ہوجانے کے بعد بھی۔''
اِس کے معنی یہ ہیں کہ نماز اللہ تعالیٰ کی رحمت کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو جب کوئی اہم معاملہ درپیش ہوتا تو آپ نماز کے لیے کھڑے ہو جاتے۔ ٩؎ لوگوں نے بارش کے لیے درخواست کی تو آپ نماز پڑھ کر اِس کے لیے دست بدعا ہوئے۔ سورج اور چاند گرہن کے موقع پر اللہ کی گرفت کا اندیشہ محسوس ہواتو آپ نے نماز پڑھی۔ بدرواحزاب کے معرکوں میں مسلمان اپنے دشمنوں کے مقابلے میں صف آرا ہوئے تو آپ نے اِسی کا سہارا لیا اور اِسی کے ذریعے سے اپنے پروردگار کی مدد چاہی۔
چھٹی یہ کہ نماز دعوت حق کی پہچان ہے۔ قرآن نے بتایا ہے کہ اُس کے نزدیک مصلحین وہی ہیں جو کتاب الٰہی کو اللہ تعالیٰ کے میثاق اور حق و باطل کے لیے میزان کی حیثیت سے پوری مضبوطی کے ساتھ تھامتے اورنماز کا اہتمام کرتے ہیں۔ ارشاد فرمایا ہے:
وَالَّذِيْنَ يُمَسِّکُوْنَ بِالْکِتٰبِ وَاَقَامُوا الصَّلٰوةَ، اِنَّا لَا نُضِيْعُ اَجْرَ الْمُصْلِحِيْنَ. (الاعراف ٧: ١٧٠)۔
''اور جو اللہ کی کتاب کو مضبوطی کے ساتھ تھامے ہوئے ہیں اور جنھوں نے نماز قائم کر رکھی ہے ، (وہی اصلاح کرنے والے ہیں، اور) اِن اصلاح کرنے والوں کا اجر ہم کبھی ضائع نہ کریں گے ـ۔''
استاذ امام امین احسن اصلاحی نے اِس کی وضاحت میں لکھا ہے :
''قرآن حکیم کا یہ بیان تجدید دین و اصلاح ملت کی تمام تحریکات اور تمام دعوتوں کے جانچنے کے لیے ایک کسوٹی فراہم کرتا ہے۔ اِس سے معلوم ہوتا ہے کہ صرف وہ دعوت یا تحریک اصلاح ملت کی صحیح دعوت یا تحریک ہے جس کے مبدأ و معاد ، جس کی ابتدا اور انتہا ، جس کے عقیدہ اور عمل، جس کے نصب العین اور پروگرام ، دونوں میں نماز اور اقامت نماز کو وہی اولیت اور اہمیت حاصل ہو جو اللہ کے عہد اور اُس کی اقامت کی جدوجہد میں فی الواقع ازروے قرآن اُس کو حاصل ہے۔ جس دعوت یا تحریک میں نماز کو یہ اولیت و اہمیت حاصل نہ ہو ، وہ تجدید دین اور اصلاح ملت کے نقطہئ نظر سے ایک بے برکت ، بلکہ لاحاصل کام ہے ، کیونکہ وہ اُس ریڑھ کی ہڈی سے بھی محروم ہے جس پر تجدید دین کی دعوت کا قالب کھڑا ہوتا ہے اور اُس روح سے بھی محروم ہے جس سے اِس قالب کو زندگی حاصل ہوتی ہے۔ '' (تدبر قرآن ١/٢٠٣)۔
ساتویں یہ کہ نماز راہ حق میں استقامت کا ذریعہ ہے۔ اِس راہ کے سالکین جانتے ہیں کہ اِس میں استقامت خدا کی معیت سے حاصل ہوتی ہے اور نماز خدا سے اِس درجہ قریب ہے کہ وہ دنیا میں گویا ہمارے لیے خدا کی قائم مقام ہے۔ سورہ علق کی آیت 'وَاسْجُدْ وَاقْتَرِبْ' ١٠؎ (سجدہ ریز رہو اور اِس طرح میرے قریب ہو جاؤ) میں یہی حقیقت واضح فرمائی ہے۔ لہٰذااللہ کی راہ میں جدوجہد کے لیے اللہ کی معیت اگر حاصل ہو سکتی ہے تو اُس کی کتاب اور اُس کے حضور میں نماز ہی سے حاصل ہو سکتی ہے۔ اِس مقصد کے لیے سب سے زیادہ اہمیت قیام اللیل ، یعنی نماز تہجد کی ہے۔ چنا نچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جب انذار عام کا حکم ہوا تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اِس قول ثقیل کا تحمل اور اِس کی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونا مقصود ہے تو رات کی نمازوں میں قرآن کی تلاوت کی جائے۔ اِس کی وجہ یہ بتائی کہ یہ وقت دل و دماغ کے فراغ اور فہم قرآن کے لیے سب سے زیادہ موزوں ہے۔ استاذ امام کے الفاظ میں یہ وقت چونکہ دماغ کے سکون اور دل کی بیداری کا خاص وقت ہے ، اِس وجہ سے زبان سے جو بات نکلتی ہے ، تیر بہ ہدف اور 'ازدل خیزد بردل ریزد' کا مصداق بن کر نکلتی ہے۔ آدمی خود بھی اُس کو اپنے دل کی گواہی کی طرح قبول کرتا ہے اور دوسرے سننے والوں کے دلوں پر بھی اُس کی تاثیر بے خطا ہوتی ہے۔ ١١؎ ارشاد فرمایاہے:
يٰۤايهَا الْمُزَّمِّلُ ، قُمِ الَّيْلَ اِلَّا قَلِيْلاً، نِّصْفَهۤ، اَوِ انْقُصْ مِنْهُ قَلِيْلاً اَوْ زِدْ عَلَيْهِ وَرَتِّلِ الْقُرْاٰنَ تَرْتِيْلاً. اِنَّا سَنُلْقِیْ عَلَيْكَ قَوْلاً ثَقِيْلاً، اِنَّ نَاشِئَةَ الَّيْلِ هِیَ اَشَدُّ وَطْاً وَّاَقْوَمُ قِيْلاً، اِنَّ لَكَ فِی النَّهَارِ سَبْحًا طَوِيْلاً، وَاذْکُرِ اسْمَ رَبِّكَ وَتَبَتَّلْ اِلَيهِ تَبْتِيْلاً.(المزمل ٧٣:١-٨)
''اے اوڑھ لپیٹ کر بیٹھنے والے ، رات کو کھڑے رہو ، مگر (سونے کے لیے) تھوڑاچھوڑ کر ـــ آدھی رات یا اُس سے کچھ کم کر لو یا اُس پر کچھ بڑھا دو، اور (اپنی اِس نماز میں)قرآن کو ٹھیر ٹھیر کر پڑھو۔ اِس لیے کہ عنقریب ایک بھاری بات کا بوجھ ہم تم پر ڈال دیں گے۔ اِس میں شبہ نہیں کہ یہ رات کا اٹھنا دل کی جمعیت اور بات کی درستی کے لیے نہایت موزوں ہے۔ اِس لیے کہ دن میں تو (اِس کام کی وجہ سے) تمھیں بہت مصروفیت رہے گی۔ (لہٰذا اِس وقت پڑھو) اور اپنے رب کے نام کا ذکر کرو، اور (رات کی اِس تنہائی میں) سب سے ٹوٹ کر اُسی کے ہو رہو۔ ''
بعض روایتوں میں ہے کہ اِس دنیا کی طرف اللہ تعالیٰ کی خاص توجہ کا وقت بھی یہی ہے۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ ہر رات ہمارے قریبی آسمان کی طرف نزول فرماتے ہیں ، یہاں تک کہ جب ایک تہائی رات باقی رہ جاتی ہے تو ارشاد ہوتا ہے: کون دعا کر رہا ہے کہ میں اُسے قبول کروں؟ کون مانگتا ہے کہ اُسے دوں؟ کون مغفرت چاہتا ہے کہ اُسے بخش دوں؟ ١٢؎
آٹھویں یہ کہ نماز کائنات کی فطرت ہے۔ انسان کی آنکھیں ہوں اور وہ اُن سے دیکھتا بھی ہو تو اِس حقیقت کو سمجھنے میں اُسے کوئی تردد نہیں ہوتا کہ اِس عالم کا ذرہ ذرہ فی الواقع اپنے پروردگار کی تسبیح و تحمیدکرتا اور اُس کے سامنے سجدہ ریز رہتا ہے۔ وہ اگرچہ اِس تسبیح و تحمید کو نہیں سمجھتا ، مگر دیکھ تو سکتا ہے کہ دنیا کی سب چیزوں کا ظاہر جس طرح ہر لحظہ خدا کے سامنے سرافگندہ اور اُس کے حکم کی تعمیل میں سرگرم ہے ، اُن کا باطن بھی اِس سے مختلف نہیں ہو سکتا۔ زمین پر چلتے ہوئے جانور، باغوں میں لہلہاتے ہوئے درخت، فضاؤں میں چہکتے ہوئے پرندے ، سمندروں میں تیرتی ہوئی مچھلیاں اور آسمان پر چمکتے ہوئے تارے اور سورج اور چاند، سب اپنے وجود سے اِس بات کی گواہی دیتے ہیں :
تُسَبِّحُ لَهُ السَّمٰوٰتُ السَّبْعُ وَالْاَرْضُ وَمَنْ فِيْهِنَّ، وَاِنْ مِّنْ شَیْءٍ اِلَّا يُسَبِّحُ بِحَمْدِه وَلٰکِنْ لَّا تَفْقَهُوْنَ تَسْبِيْحَهُمْ .(بنی اسرائيل ١٧:٤٤)۔
''ساتوں آسمان اور زمین اور وہ سب چیزیں جو آسمان و زمین میں ہیں ، اُس کی تسبیح کرتی ہیں۔ اور کوئی چیز بھی نہیں ہے جو حمد کے ساتھ اُس کی تسبیح نہ کر رہی ہو ، لیکن تم اُن کی تسبیح نہیں سمجھتے۔ ''
یہ سب اپنی اپنی نماز اور تسبیح سے پوری طرح واقف ہیں اور ایک لمحے کے لیے بھی اُس سے غافل نہیں ہوتے۔ انسان دیکھے تو دیکھ سکتا ہے کہ پرندے جب پر پھیلائے ہوئے فضاؤں میں محوپرواز ہوتے ہیں تو خدا کے سامنے کمال عجز کے ساتھ گویا بچھے ہوئے ہوتے ہیں :
اَلَمْ تَرَ اَنَّ اللّٰهَ يُسَبِّحُ لَه، مَنْ فِی السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَالطَّيْرُ صٰۤفّٰتٍ، کُلٌّ قَدْ عَلِمَ صَلَاتَه، وَ تَسْبِيْحَه، ، وَاللّٰهُ عَلِيْمٌ بِمَا يَفْعَلُوْنَ. (النور ٢٤: ٤١)
''دیکھتے نہیں ہو کہ اللہ کی تسبیح کرتے ہیں وہ سب جو آسمان و زمین میں ہیں اور (فضاؤں میں) پر پھیلائے ہوئے پرندے بھی۔ ہر ایک اپنی نماز اور تسبیح کو جانتا ہے اور جو کچھ یہ کرتے ہیں ، اللہ اُس سے پوری طرح واقف ہے۔''
استاذ امام لکھتے ہیں :
''اِس کائنات کی ہر چیز اپنی تکوینی حیثیت میں ابراہیمی مزاج رکھتی ہے۔ سورج، چاند، ستارے ، پہاڑ اور چوپائے، سب خدا کے امر و حکم کے تحت مسخر ہیں۔ اِن میں سے کوئی چیز بھی سرموخدا کے مقرر کیے ہوئے قوانین سے انحراف نہیں اختیار کرتی۔ سورج ، جس کو نادانوں نے معبود بنا کر سب سے زیادہ پوجا ہے ، خود اپنے وجود سے گواہی دے رہا ہے کہ وہ شب و روز اپنے رب کے آگے قیام ، رکوع اور سجدے میں ہے۔ طلوع کے وقت وہ سجدے سے سر اٹھاتا ہے ، دوپہر تک وہ قیام میں رہتا ہے ، زوال کے بعد وہ رکوع میں جھک جاتا ہے اور غروب کے وقت وہ سجدے میں گر جاتا ہے اور رات بھر اِسی سجدے کی حالت میں رہتا ہے۔ اِسی حقیقت کا مظاہرہ چاند اپنے عروج و محاق سے اور ستارے اپنے طلوع و غروب سے کرتے ہیں۔ پہاڑوں ، درختوں اور چوپایوں کا بھی یہی حال ہے۔ اِن میں سے ہر چیز کا سایہ ہر وقت قیام ، رکوع اور سجود میں رہتا ہے اور غور کیجیے تو یہ حقیقت بھی نظر آئے گی کہ اِس سایے کی فطرت ایسی ابراہیمی ہے کہ یہ ہمیشہ آفتاب کی مخالف سمت میں رہتا ہے۔ اگر سورج مشرق کی سمت میں ہے تو سایہ مغرب کی جانب پھیلے گا اور اگر مغرب کی جانب ہے تو ہر چیز کا سایہ مشرق کی طرف پھیلے گا۔ گویا ہر چیز کا سایہ اپنے وجود سے ہمیں اِس بات کی تعلیم دے رہا ہے کہ سجدہ کا اصل سزاوار آفتاب نہیں ، بلکہ خالق آفتاب ہے۔ '' (تدبر قرآن ٥/٢٢٩)۔
ارشاد فرمایا ہے :
اَوَ لَمْ يَرَوْا اِلٰی مَا خَلَقَ اللّٰهُ مِنْ شَیْ ءٍ، يَّتَفَيَّؤُا ظِلٰلُه، عَنِ الْيَمِيْنِ وَالشَّمَآئِلِ سُجَّدًا لِّلّٰهِ وَهُمْ دٰخِرُوْنَ ، وَلِلّٰهِ يَسْجُدُ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ مِنْ دَآبَّةٍ وَّالْمَلٰۤئِکَةُ وَهُمْ لَا يَسْتَکْبِرُوْنَ. (النحل ١٦: ٤٨-٤٩)
''اور کیا اِنھوں نے دیکھا نہیں کہ اللہ نے جو چیزیں بھی پیدا کی ہیں ، اُن کے سایے دائیں اور بائیں سے اللہ کو سجدہ کرتے ہوئے ڈھلتے ہیں اور اُن پر فروتنی ہوتی ہے۔ اور زمین و آسمان میں جتنی جان دار مخلوقات ہیں، سب اللہ ہی کے آگے سر بہ سجود ہیں اور اُس کے فرشتے بھی اور وہ کبھی سرکشی نہیں کرتے۔ ''
چنانچہ انسان جب نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو گویا پورے عالم کی طرف سے تسبیح و تحمید اور رکوع و سجود کی اِس دعوت پر لبیک کہتا ہے۔ وہ اپنی فطرت کا ساز اِس ساز سے ہم آہنگ کر دیتا ہے اور اپنے اِس عمل سے اعلان کرتا ہے کہ وہ بھی کسی سے پیچھے نہ رہے گا اور اپنا جسم ہی نہیں ، اپنی روح بھی اُس پروردگار کے حضور میں جھکا دے گاجس نے اُسے پیدا کیا ہے۔ ساری کائنات سے الگ ہو کر وہ ایسی کوئی راہ نہیں نکالے گا جس میں اُس کا کوئی ہم سفر نہیں ہے اور اگر ہیں تو وہی ہیں جن کے لیے خدا کا عذاب لازم ہو چکا ہے :
اَلَمْ تَرَ اَنَّ اللّٰهَ يَسْجُدُ لَه، مَنْ فِی السَّمٰوٰتِ وَمَنْ فِيالْاَرْضِ، وَالشَّمْسُ وَالْقَمَرُ وَالنُّجُوْمُ وَالْجِبَالُ وَالشَّجَرُ وَالدَّوَآبُّ وَکَثِيْرٌ مِّنَ النَّاسِ، وَکَثِيْرٌ حَقَّ عَلَيْهِ الْعَذَابُ.(الحج ٢٢:١٨)۔
''دیکھتے نہیں ہو کہ اللہ کے سامنے سر بہ سجود ہیں وہ سب جو زمین و آسمان میں ہیں اور سورج اور چاند اور تارے اور پہاڑ اور درخت اور جانور اور بہت سے انسان بھی، اور بہت سے وہ ہیں کہ جن کے لیے عذاب لازم ہو چکا ہے۔ ''
نویں یہ کہ نماز ہی حقیقی زندگی ہے۔ انبیا علیہم السلام جو دعوت لے کر آتے ہیں ، اُسے قرآن میں زندگی سے تعبیر کیا گیا ہے : 'يٰۤايُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا، اسْتَجِيْبُوْا لِلّٰهِ وَلِلرَّسُوْلِاِذَا دَعَاکُمْ لِمَا يُحْيِيْکُمْ ١٣ ؎ ،(ایمان والو، اللہ اور اُس کے رسول کی دعوت پر لبیک کہو، جبکہ رسول تمھیں اُس چیز کی طرف بلاتا ہے جس میں تمھارے لیے زندگی ہے )۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ جینے کو تو سب جیتے ہیں ، لیکن وہ حقیقی زندگی جسے نور، سکینت اور ایمان کے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے ، صرف اللہ کی یاد سے ملتی ہے۔ انبیا علیہم السلام اِسی کی دعوت دیتے ہیں اور اُس میں سب سے پہلے نماز کے لیے بلاتے ہیں۔ نماز کیا ہے ؟ خدا کی معرفت ، اُس کا ذکر و فکر اور اُس کی قربت کا احساس جب اپنے منتہاے کمال کو پہنچتا ہے تو نماز بن جاتا ہے۔ دنیا کے سب عارفوںکا فیصلہ ہے کہ اصل زندگی دل کی زندگی ہے اور دل کی زندگی یہی معرفت ، ذکر و فکر اور قربت الٰہی ہے۔ یہ زندگی انسان کو صرف نماز سے حاصل ہوتی ہے اور نماز ہی سے باقی رہتی ہے۔ قرآن نے ایک جگہ نماز کے مقابل میںزندگی اور قربانی کے مقابل میں موت کو رکھ کر یہی حقیقت واضح کی ہے۔ ارشاد فرمایا ہے :
قُلْ: اِنَّ صَلاَتِیْ وَ نُسُکِیْ وَ مَحْيَایَ وَمَمَاتِیْ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ.(الانعام ٦:١٦٢)۔
''کہہ دو کہ میری نماز اور میری قربانی ، اور میرا جینا اور میرا مرنا، سب اللہ رب العالمین کے لیے ہے۔ ''
انسان اِس حقیقت کو پالے تو اپنے شب و روز میں وہ نماز کے لیے اِسی طرح منتظر رہتا ہے ، جس طرح صبح و شام کے کھانے اور پینے کا منتظر رہتا ہے اور اِسی طرح بے تاب ہوتا ہے، جس طرح پیاسا پانی کے لیے اور بھوکا روٹی کے لیے بے تاب ہوتا ہے۔ نماز اُس کے لیے خداوند عالم کا رزق بن جاتی ہے۔ وہ اِسی سے آسودہ ہوتا اور اِسی سے قوت پاتا ہے۔ سیدنا مسیح علیہ السلام نے فرمایا ہے : انسان صرف روٹی سے نہیں جیتا، بلکہ ہر ایک بات سے جو خدا کے منہ سے نکلتی ہے۔ ١٤؎ لوگ جس طرح انواع و اقسام کے کھانوںسے لذت کام و دہن کا سامان کرتے ہیں ، وہ اِسی طرح قرآن کے مختلف مقامات اور متنوع تسبیحات اور دعاؤں سے اپنی روح کے لیے لذت کا سامان کرتا ہے۔ مصائب کے حبس میں نماز ہی نسیم جاں فزا، گناہ کی آلایشوں میں نماز ہی ہواے عطر بیز، مایوسیوں کی پت جھڑ میں نماز ہی نوید بہار اور مخالفتوں کے ہجوم میں نماز ہی اُس کے لیے پناہ کی چٹان ہوتی ہے۔ اِسے شاعری نہ سمجھیے۔ نماز سے متعلق یہ اُسی مقام کی کیفیات ہیں جنھیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے 'قم يا بلال، فأرحنا بالصلٰوة' ١٥؎ (بلال، اٹھو اور ہمیں نماز کے ذریعے سے راحت پہنچاؤ) اور ' جعلت قرة عينی فی الصلٰوة' ١٦؎ (میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں رکھی گئی ہے) جیسے الفاظ میں بیان فرمایا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
١؎ ترمذی ، رقم ٢٦١٦۔
٢؎ بخاری ، رقم ٥٢٧۔
٣؎ الموطا، رقم ٦۔
٤؎ الاعراف ٧: ٤٠۔
٥؎ الزخرف ٤٣: ٣٦۔
٦؎ مریم ١٩: ٥٩۔
٧؎ بخاری ، رقم ٥٢٨۔ یعنی وہ گناہ جو حقوق العباد سے متعلق نہیں ہیں یا جن کے لیے توبہ اور تلافی کرنا یا کفارہ ادا کرنا ضروری نہیں ہے۔
٨؎ البقرہ ٢: ٤٥۔
٩؎ تفسیر القرآن العظیم ، ابن کثیر١/٨٧۔
١٠؎ العلق ٩٦ : ١٩۔
١١؎ تدبر قرآن ٩/٢٥۔
١٢؎ بخاری ، رقم ١١٤٥۔
١٣؎ الانفال ٨: ٢٤۔
١٤؎ متی ٤:٤۔
١٥؎ ابوداؤد، رقم ٤٩٨٦۔
١٦؎ نسائی ، رقم ٣٣٩٢۔

0 comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔