Dec 10, 2014

معاشرے اور سیاست میں گالی گلوچ کا رواج


بچپن میں جب بھی انتخابات (الیکشن) ہوتے تو بڑا مزہ آتا۔ گاؤں میں ایک الگ ہی رونق ہوتی۔ دیواروں پر اشتہاروں کی بھرمار اور گلیوں میں نعروں کا شور۔ ہر جماعت دوسری پر برتری دیکھانے کے چکر میں عجیب عجیب حرکتیں کرتی۔ جیسے ”اصلی“ شیر کو گاؤں گاؤں گھمایا جاتا۔ مسجد میں اعلان ہوتا کہ فلاں جگہ شیر آیا ہے، جلدی جلدی جا کر دیکھ لو۔ چھتوں پر بڑے بڑے پرچم اور انتخابی نشان ایک دوسرے سے اونچا کر کے لگانے کے مقابلے ہوتے۔ بچپن میں ایسا وقت تین دفعہ آیا۔ وہ کیا ہے کہ تب ہر دو تین سال بعد الیکشن ہو ہی جاتے تھے۔ ایک الیکشن سے دوسرے کے درمیانی عرصے میں عوام کچھ کرتی نہ کرتی مگر مخالفین کو زچ کرنے کے لئے نئے نعرے ضرور یاد کرتی۔ اب جب ان پر غور کرتا ہوں تو وہ نعرے کم سیاسی گالیاں زیادہ تھیں بلکہ وہ تو فحش گالیاں تھیں۔ گاؤں کے نوجوانوں کے جتھے مل کر گلی گلی ایسی گالیاں زوروشور سے دیتے۔ کبھی کبھار مخالف گروہ سے ٹکراؤ ہوتا تو لڑائی جھگڑا بھی خوب ہوتا۔

آج سوچتا ہوں کہ وہ گالیاں معاشرے میں کہاں سے آتیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اول تو یہ بیماری ورثے میں ملی اور دوسرا تب کئی جماعتیں منظم انداز میں اس کی حوصلہ افزائی بھی کرتی تھیں۔ اگر آپ میں سے کسی نے وہ سب حالات دیکھے ہوں تو اسے بخوبی اندازہ ہو گا کہ ماضی میں ہماری سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے کو زچ اور امیدوار کی کردار کُشی کرنے کے لئے کیسے ہتھکنڈے استعمال کرتی تھیں۔ ان کی انہیں حرکتوں نے معاشرے میں ناسور کا بیج بو دیا۔ مقامی سطح پر سیاسی کارکن نہایت فحش نعرے تیار کرتے تھے۔ چند ایک مجھے آج بھی یاد ہیں۔ کانٹ چھانٹ کر کے مثال کے طور پر لکھ رہا ہوں۔ ملاحظہ کیجئے۔ ”کوکا کولا پیپسی، فلاں ٹیکسی، ٹیکسی پر بیٹھ کر جائیں گے، شیر پر مہر لگائیں گے“۔ ایک تو اس سے بھی فحش تھا ”دریا میں کشتی، فلاں گشتی، یہ ہے نئی پود، فلاں بہن چ۔۔“۔ اسی طرح مخالفین بھی نعرے لگاتے۔ وہ بھی اس جیسے یا اس سے بھی فحش ہوتے۔ جیسے ”فلاں گنجا، اس کی ماں کا۔۔۔“۔

اس تحریر کا مقصد صرف ایسے لوگوں کو ماضی سے روشناس کرانا ہے، جو آج کے معاشرے اور سیاست میں گالی کلچر کا سارا نزلہ صرف ”طفلِ مکتب“ جیسے سیاسی کارکنوں اور آج کے دیگر نوجوانوں پر گرا رہے ہیں۔ کچھ کالم نگار اور اینکرز کو سمجھانا ہے کہ یہ فیس بکی لوگوں کی کارستانی نہیں بلکہ یہ پرانا چلا آ رہا ہے۔ پہلے انٹرنیٹ نہیں تھا تو یہ سب گلی محلے، میدان میلے، چوک چوبارے اور چوپال وغیرہ میں ہوتا تھا۔ اب انٹرنیٹ ہے تو وہی سب آن لائن بھی ہو رہا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ پہلے کبھی کوئی شرم کر جاتا مگر آج شناخت خفیہ ہے تو سب اگل دیا جاتا ہے۔

ذرا سوچیں کہ قائد اعظم کو ”کافرِ اعظم“ کہنے جیسا کلچر آج کی نوجوانوں نسل نے پیدا نہیں کیا تھا۔ فاطمہ جناح جیسی ہستی جنہیں آج مادرِ ملت کا درجہ دیتے ہو، ان کی توہین ہم نے نہیں کی تھی اور انہیں دھاندلی سے ہم نے نہیں ہروایا تھا۔ کتوں اور گدھوں پر سیاست دانوں کے نام لکھ کر گلی گلی پھرانے کا رواج آج کا نہیں، یہ تو بہت پہلے سے چلا آ رہا ہے۔ یقین کرو! ”ایوب کتا، ہائے ہائے“ جیسے نعرے ہم نے نہیں لگائے تھے۔ اجی وہ ذوالفقار علی بھٹو صاحب تھے، جنہوں نے بنگالیوں کو کہا ”سور کے بچے جہنم میں جائیں“۔ قائد اعظم کی توہین ہم نے تو نہیں کی تھی بلکہ انہیں ”پاگل کا بچہ“ آصف علی زرداری کے والد حاکم علی زرداری نے کہا تھا۔

حضور! یہ گالیوں کا موسم ابھی نہیں آیا بلکہ یہ تو ایک سدابہار موسم ہے، جو پہلے کا شروع ہوا ہے۔ یہ کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ اس معاشرے کا المیہ ہے۔ یہ ”مولا جٹ“ کے انداز میں تقریریں بہت پہلے سے چلی آ رہی ہیں۔ میں خود ان کو پسند نہیں کرتا اور حتی المقدور ان سے بچنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ابھی بس ان چند لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کر رہا ہوں، جو گالیوں کو تحریک انصاف اور مولاجٹ کے انداز میں تقریر کو عمران خان کی روایت کہتے ہیں۔ یہاں ایک چیز کی وضاحت کر دوں کہ میں خان صاحب کے اس اندازِ تقریر پر خود بھی تنقید کرتا ہوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گالیوں کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ آپ بھی کریں لیکن سارا نزلہ تحریک انصاف پر نہ ڈالیں بلکہ سب حصہ داروں کو یاد رکھیں کہ ماضی میں انہوں نے کیسے کیسے ہتھکنڈے استعمال کر کے اس کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ اگر آپ کو میری اس تحریر سے لگے کہ میں تحریک انصاف کے ساتھ ہوں تو اس پر صرف اتنا کہوں گا کہ میں عام شہری ہوں اور میں عوام کے ساتھ ہوں۔ میں کسی ایک پارٹی کے نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ ہوں۔

بہرحال انٹرنیٹ پر پرانا مواد بھی کافی حد تک موجود ہے۔ آپ پرانے سیاستدانوں کے متعلق پڑھیں۔ بھٹو صاحب سے لے کر شہباز شریف صاحب تک کی تقریروں کا جائزہ لیں۔ سیاسی پارٹیوں کے ماضی کو تھوڑا سا کھنگالیں تو آپ کو اندازہ ہو گا کہ اس گالی کلچر اور جارحانہ انداز میں تقریریں کرنے کو کس کس جماعت نے اپنا کر ہم تک پہنچایا ہے۔ مخالف سیاستدانوں کی کردار کشی کرنے کا رواج کس نے عام کیا اور اس کے وارث کون بنے۔ کس نے سیاسی انتقام میں ماؤں اور بہنوں پر کیچڑ اچھالے۔ تھوڑی سی تحقیق کریں تو پتہ چلے گا کہ یہ عمران خان اور تحریک انصاف کی روایات نہیں بلکہ اس کو انہوں نے ہوا دی تھی، جو آج اس پر سب سے زیادہ اعتراض کر رہے ہیں۔

ویسے زیادہ ماضی میں جانے کی بھی ضرورت نہیں۔ یہ تو ابھی تھوڑا عرصے پہلے کی بات ہے۔ جب ہمارے موجودہ وزیرِ اعظم نے جارحانہ اور دھمکیوں والے انداز میں کہا ” سارا پیسا تو کھا گیا زرداری، ،،یہ لٹیرا انسان،،، میرا نام بھی نواز شریف نہیں،،، نیلام کر کے اس کی تمام دولت عوام کے قدموں میں نہ رکھ دوں“۔ آج اسی ”لٹیرے“ کے ساتھ گٹھ جوڑ کیے بیٹھے ہیں۔ ایک اپنے شہباز شریف صاحب ہیں جنہوں نے کہا”اگر زرداری کو سڑکوں پر نہ گھسیٹا تو میرا نام شہباز شریف نہیں“۔ الطاف حسین تو جو ”مولا جٹ“ ہیں سو ہیں لیکن مصطفی کمال نے کراچی کے شہریوں کو گالیاں دیں اور تو اور نون لیگ کے زعیم قادری کو ایک ٹاک شو میں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز صاحبہ کے متعلق طعنہ دیتے ہوئے کہا ”اے ڈی سی ان کی بیٹی کو اٹھا کر لے گیا“ اور ساتھ ساتھ بہت فحش زبان استعمال کی۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ یہ سارے سیاست دان جو خود اس حد تک گندگی میں لتھڑے ہیں، جن کا اپنا اخلاقی معیار یہ ہے کہ مخالفت میں بیٹیوں کی کردار کشی کرنے تک گر جاتے ہیں، وہ کس منہ سے عمران خان کے انداز پر تنقید کرتے ہیں۔ ایک دفعہ پھر بتا دوں کہ میں عمران خان کی حمایت نہیں کر رہا۔ بس تصویر کو واضح کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ویسے آپ نے فردوس عاشق اعوان اور کشمالہ طارق والا ٹاک شو تو دیکھا ہی ہو گا۔ جس میں انتہائی بازاری زبان استعمال ہوئی۔ ایک دوسرے کو یہاں تک کہا گیا کہ تم بیڈ روم کے ذریعے سیاست میں آئی ہو اور اپنی سیاست کا آغاز ہیرا منڈی سے کیا وغیرہ وغیرہ۔ سیاسی بیان دینے کے متعلق مریم نواز کا جارحانہ انداز تو کسی سے ڈھکا چھپا نہیں لیکن کچھ دن پہلے اپنے حمزہ شہباز کا انداز بھی کسی سے کم نہیں تھا اور نون لیگ کے طلال چوہدری نے جس انداز میں گالی دی، افف۔۔۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ہمارے سیاست دان اس حد تک گر سکتے ہیں۔ ویسے وہ بھی ہمارے پڑھے لکھے وکلاء ہی تھے جنہوں نے ”مشرف کتا، ہائے ہائے“ کی قوالی پر دھمالیں ڈالیں تھیں۔ یہ تو صرف چند مثالیں ہیں، جبکہ یہاں تو آوے کا آوہ ہی بگڑا ہوا ہے۔

ہمارے کئی کالم نگار اور اینکرز کو بھی سارا نزلہ دوسروں پر نہیں گرانا چاہیئے۔ ایک دوسرے کی کردار کشی کے لئے جس طرح کے کالم یہ لکھتے رہے وہ عوام سے ڈھکے چھپے نہیں۔ انہیں سوچنا چاہیئے کہ جو یہ لکھتے اور عوام کو دیکھاتے رہے ہیں، عوام کی موجودہ حالت میں اس کا بھی اہم کردار ہے۔ پس پردہ نیوز کاسٹر اور اینکر کیسی زبان استعمال کرتے ہیں اس کا بھانڈا کافی پہلے کا پھوٹ چکا ہے۔ ٹاک شوز میں جان بوجھ کر لڑائیاں کروانے کی وارداتوں کو عوام جان چکے ہیں۔ نون لیگ کے مشاہد اللہ خان اور حسن نثار کی گالیاں آج بھی آن دی ریکارڈ موجود ہیں۔ ارے جب آپ لوگ خود ایسے کرتے ہو تو پھر دوسروں سے کیسے امید رکھتے ہو کہ وہ ایسا نہ کریں۔

خیر ان چند مثالوں کا مقصد کسی کی کردار کشی نہیں بلکہ یہ صرف اس لئے دی ہیں کہ آپ کو اندازہ ہو سکے کہ ایسے حالات تقریباً ہر جگہ اور ہر شعبے کے ہیں۔ یہ کسی ایک گروہ کا نہیں بلکہ ہمارا معاشرتی مسئلہ ہے۔ گالی کلچر کو کسی ایک جماعت یا گروہ نے پروان نہیں چڑھایا اور نہ ہی یہ آج شروع ہوا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ تقریروں کے ذریعے ایک دوسرے کو زچ کرنے اور دیگر کئی ذرائع سے مخالفین پر کیچڑ اچھالنے کی روایت بہت پہلے سے چلی آ رہی ہے۔ ہر دور میں ہر کسی نے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق اس میں حصہ ڈالا ہے۔ سالہا سال سے جو اخلاقی تربیت کرتے رہے آج کے نوجوان اسی کا نتیجہ ہیں۔ جو بیج بویا تھا، یہ اسی کی تیار فصل ہے۔ یہ گالی کلچر آج کے نوجوان کو ورثے میں ملا ہے۔معاشرے اور سیاست میں یہ زہر بہت پہلے سے بھرا جا رہا تھا۔ بس اب حالات سے ستائی عوام اپنا غصہ ٹھنڈا کرنے کا بہانہ تلاش کرتی ہے اور زہر اگل دیتی ہے۔

خیال رہے کہ میں کسی کی بھی زبان درازی کی حمایت ہرگز نہیں کر رہا بلکہ سخت مذمت کرتا ہوں۔ میرا مدعا صرف اتنا ہے کہ جب اس حمام میں سبھی ننگے ہیں تو پھر صرف ایک پارٹی کو نشانہ بنا کر کردار کشی نہ کریں۔ گالی کلچر اور بدزبانی ہمارا معاشرتی مسئلہ ہے۔ اس کا نزلہ صرف ایک پارٹی پر نہ گرائیں۔ اصل معاشرتی مسئلے کا ادراک کر یں اور اس کے حل کی کوشش کریں۔ جب آپ پارٹیوں سے بالاتر ہو کر معاشرے کا جائزہ لیں گے تو یہ بات زیادہ اچھی طرح واضح ہو جائے گی۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔


Ads